بجلی صارفین پر 200 ارب روپے کا نیا بوجھ،نیپرا کی منظوری

گزشتہ تین برسوں کے ریونیو اخراجات کی وصولی کے لیے درخواست جمع کرائی تھی، جس پر نیپرا نے سماعت مکمل کرنے کے بعد اپنا تحریری فیصلہ جاری کیا

July 15, 2026 · قومی

ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ایک اور مالی بوجھ سامنے آنے کا امکان ہے، کیونکہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نیشنل گرڈ کمپنی کو سسٹم اخراجات کی مد میں تقریباً 200 ارب روپے وصول کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق نیشنل گرڈ کمپنی نے گزشتہ تین برسوں کے ریونیو اخراجات کی وصولی کے لیے درخواست جمع کرائی تھی، جس پر نیپرا نے سماعت مکمل کرنے کے بعد اپنا تحریری فیصلہ جاری کیا۔

منظوری کے تحت یہ وصولیاں یکم اگست 2026 سے شروع کیے جانے کا امکان ہے۔ یہ رقم ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے ذریعے صارفین سے وصول کی جائے گی، جن میں لیسکو سمیت دیگر تقسیم کار ادارے بھی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈسکوز کو ٹیرف کے ذریعے اضافی رقم وصول کرنے کی اجازت دی جائے گی، جس کے باعث فی یونٹ بجلی کی قیمت میں اضافے کا امکان ہے۔ اگر ایسا ہوا تو گھریلو، تجارتی اور صنعتی صارفین کے بجلی کے بل مزید بڑھ سکتے ہیں۔

حکام کے مطابق حاصل ہونے والی رقم نیشنل گرڈ کے سسٹم اخراجات کی ادائیگی کے لیے استعمال کی جائے گی، تاہم اس فیصلے کے اثرات براہ راست بجلی صارفین کے ماہانہ بلوں پر پڑنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔