پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، شہداء کی توہین کسی صورت قبول نہیں:طاہر اشرفی

جنگ میں سیکیورٹی فورسز نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ملک کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں

July 15, 2026 · قومی

کراچی میں قومی پیغامِ امن کمیٹی کے وفد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کمیٹی کے کوآرڈینیٹر مولانا حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ شہداء کی توہین کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں اور وہ اس معاملے پر افواجِ پاکستان کے جوانوں اور شہداء کے اہلِ خانہ سے معذرت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ملک کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہادت کا کوئی مالی معاوضہ نہیں ہو سکتا اور وطن کے محافظوں کی خدمات کا احترام ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ قومی اداروں کو سیاسی اختلافات کا حصہ نہیں بنانا چاہیے اور سیاست دانوں کو چاہیے کہ وہ سیکیورٹی فورسز کے حوصلے بلند کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاست اور قومی اداروں کا ساتھ دینا ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی قومی پیغامِ امن کمیٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ محبت، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی سرزمین ہے۔ ان کے مطابق حکومت آئینِ پاکستان کے مطابق تمام شہریوں کے جان و مال، مذہبی آزادی اور مساوی حقوق کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔

پریس کانفرنس سے قبل قومی پیغامِ امن کمیٹی کے وفد نے وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کی، جس میں امن، مذہبی ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔