پاکستان نے4 ہزار722 ارب روپےکا قرض مقررہ مدت سے پہلے واپس کردیا
جی ڈی پی تناسب 75 فیصد سے کم ہو کر تقریباً 68.5 فیصد رہ گیا
فائل فوٹو
مشیر وزیرِ خزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان نے ملکی تاریخ میں پہلی بار 4 ہزار 722 ارب روپے سے زائد کا قرض مقررہ مدت سے قبل واپس کرکے اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
خرم شہزاد کے مطابق پاکستان اب تک تقریباً 17 ارب ڈالر، یعنی 4 ہزار 722 ارب روپے کا قرض قبل از وقت ادا کر چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مالی سال 26-2025 کے دوران اب تک 2 ہزار 900 ارب روپے کی قبل از وقت ادائیگی کی جا چکی ہے، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 62 فیصد زیادہ ہے۔
مشیر وزیرِ خزانہ کے مطابق قبل از وقت واپس کیے گئے قرض میں 51 فیصد اسٹیٹ بینک جبکہ 49 فیصد دیگر مالیاتی اداروں کا قرض شامل ہے۔
خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ پاکستان کا قرض برائے جی ڈی پی تناسب 75 فیصد سے کم ہو کر تقریباً 68.5 فیصد رہ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہتر قرض نظم و نسق اور مؤثر مالیاتی حکمتِ عملی سے سرمایہ کاروں کا اعتماد اور ملکی مالیاتی استحکام مزید مضبوط ہوا ہے، جبکہ پاکستان کم لاگت اور پائیدار مالیاتی نظام کی جانب پیش رفت کر رہا ہے۔