یورپ بھجوانے کا جھانسہ دے کر12 پاکستانی نوجوان اغوا

ایران میں مغوی نوجوانوں پر تشدد، گھر والوں سے تاوان طلب کیا گیا

July 15, 2026 · قومی

فائل فوٹو

انسانی اسمگلروں نے 12 پاکستانی نوجوانوں کو یورپ بھجوانے کا جھانسہ دے کر ایران میں اغوا کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے لاہور زون کے مطابق انسانی اسمگلروں نے پاکستانی نوجوانوں پر تشدد کرکے ویڈیو ان کے گھر والوں کو بھجوائی اور تاوان طلب کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ان 12 پاکستانی نوجوانوں سے براستہ ایران اٹلی بھجوانے کے نام پر رقم وصول کی گئی تھی۔

ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور انسانی اسمگلروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق نوجوانوں کی بازیابی کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جبکہ نوجوانوں کا سراغ لگانے کے لیے بیرون ملک متعلقہ اداروں سے بھی رابطے جاری ہیں۔