ن لیگ اور پی ٹی آئی نے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کر دی،اسپیکر آفس میں ملاقات متوقع

بیرسٹر عقیل ملک نے پی ٹی آئی کو باضابطہ مذاکرات کی دعوت دی، جسے تحریک انصاف کے رہنما شفقت عباس اعوان نے فوری طور پر قبول کر لیا۔

July 16, 2026 · قومی

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسپیکر قومی اسمبلی کے دفتر میں مذاکرات کے لیے ملاقات پر اصولی آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کے دوران وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک نے پی ٹی آئی کو باضابطہ مذاکرات کی دعوت دی، جسے تحریک انصاف کے رہنما شفقت عباس اعوان نے فوری طور پر قبول کر لیا۔

بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ وہ آج ہی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے رابطہ کریں گے اور ان سے درخواست کریں گے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان مذاکرات کا عمل جلد از جلد شروع کرایا جائے۔

اس موقع پر شفقت عباس اعوان نے کہا کہ وہ محمود خان اچکزئی، راجا ناصر عباس اور تحریک انصاف کی سینئر قیادت کے ہمراہ اسپیکر آفس یا اسپیکر کی جانب سے مقرر کردہ کسی بھی مقام پر مذاکرات کے لیے پہنچنے کو تیار ہیں۔

دونوں جانب سے سامنے آنے والے بیانات کو سیاسی رابطوں میں ممکنہ پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم مذاکرات کے وقت اور ایجنڈے سے متعلق باضابطہ اعلان کا انتظار ہے۔