کرپٹو کرنسی پر فیصلہ پہلے ہی دے چکے، یہ جائز ہے:چیئرمین سیلانی ویلفیئر

جدید مالیاتی نظام اور ٹیکنالوجی سے متعلق معاملات میں شرعی اور قانونی پہلوؤں کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

July 16, 2026 · قومی

کراچی: سیلانی ویلفیئر کے چیئرمین مولانا محمد بشیر فاروق قادری نے کہا ہے کہ کرپٹو کرنسی جائز ہے اور اس حوالے سے ادارہ 13 ماہ قبل فتویٰ جاری کر چکا ہے۔

کرپٹو کرنسی سے متعلق سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس کے بعد سیلانی ہیڈ آفس میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا، جس کی صدارت مولانا محمد بشیر فاروق قادری نے کی۔ اجلاس میں بلاک چین کے ماہرین اور رئیس المفتی مفتی وسیم اختر المدنی سمیت دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔

اجلاس میں کرپٹو کرنسی کے شرعی پہلوؤں کا دوبارہ جائزہ لیا گیا اور اس کے استعمال سے متعلق مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر مولانا بشیر فاروق قادری نے کہا کہ کرپٹو کرنسی کے جائز ہونے سے متعلق فتویٰ پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے، جسے اسلامی نظریاتی کونسل، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور متعلقہ وزارت کو بھی ارسال کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سیلانی ریاستی پالیسی کے ساتھ کھڑا ہے، کیونکہ دنیا کے متعدد ممالک میں کرپٹو کرنسی کے ذریعے لین دین کیا جا رہا ہے۔

مولانا بشیر فاروق قادری کے مطابق جدید مالیاتی نظام اور ٹیکنالوجی سے متعلق معاملات میں شرعی اور قانونی پہلوؤں کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔