رنگ روڈ اراضی این او سی کیس،آر ڈی اے کا منسوخی کا فیصلہ برقرار

یہ فیصلہ جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس سردار اکبر پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیس کی سماعت کے دوران دیا۔

July 16, 2026 · قومی

راولپنڈی: راولپنڈی ہائی کورٹ نے رنگ روڈ اراضی این او سی کیس میں درخواست واپس لیے جانے کے بعد راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کا این او سی منسوخی کا فیصلہ برقرار رکھا۔

یہ فیصلہ جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس سردار اکبر پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیس کی سماعت کے دوران دیا۔

عدالت میں درخواست گزار نے اپنی بنیادی درخواست اور اس سے متعلق تمام اعتراضات واپس لینے کی استدعا کی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے قرار دیا کہ درخواست واپس لینا درخواست گزار کا قانونی حق ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ مزید اس معاملے کو آگے نہیں بڑھانا چاہتے، جبکہ انہوں نے اراضی کے حصول کے معاملے میں اپنی تکنیکی غلطی کا بھی اعتراف کیا۔

عدالتی کارروائی کے دوران بتایا گیا کہ متعلقہ اراضی پر پٹرول پمپ، مسجد، سیاحتی سہولیات اور سروس ایریاز قائم کرنے کی منظوری دی گئی تھی، تاہم بعد میں آر ڈی اے نے الاٹمنٹ سے متعلق این او سی منسوخ کر دیا، جسے عدالت میں چیلنج کیا گیا تھا۔

بعد ازاں آر ڈی اے اور رنگ روڈ منصوبے کی انتظامیہ نے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلیں دائر کیں اور مؤقف اختیار کیا کہ این او سی کی منسوخی قانون کے مطابق کی گئی تھی۔

درخواست واپس لیے جانے کے بعد عدالت نے آر ڈی اے کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے تمام انٹرا کورٹ اپیلیں بھی نمٹا دیں۔

یاد رہے کہ اس کیس کے باعث مختلف سرکاری افسران کے خلاف انتظامی کارروائیاں بھی عمل میں آئی تھیں، جبکہ عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد آئندہ قانونی اور انتظامی اقدامات متعلقہ اداروں کے دائرہ اختیار میں ہوں گے۔