عوامی ایکشن کمیٹی فی الحال اگلے اقدام سے گریز کرے:مولانا فضل الرحمٰن

مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل ہو اور کسی قسم کے تصادم یا خون خرابے سے بچا جائے۔

July 16, 2026 · قومی

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے عوامی ایکشن کمیٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ فی الحال کسی بھی نئے احتجاجی اقدام سے گریز کرے اور مذاکرات کے لیے چند روز کی مہلت دے تاکہ معاملات کو پرامن انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔

اپنے بیان میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ راولاکوٹ اور گردونواح میں عوامی ایکشن کمیٹی گزشتہ ایک ماہ سے اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دے رہی ہے۔ ان کے مطابق اس دوران بعض ناخوشگوار واقعات بھی پیش آئے، جن سے حالات میں کشیدگی پیدا ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کا معاملہ پارلیمان میں بھی زیر بحث آیا، جبکہ کمیٹی نے انہیں ثالثی کا کردار ادا کرنے کی درخواست کی، جس پر وہ اعتماد کرنے پر شکر گزار ہیں۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے بتایا کہ اس سلسلے میں مختلف شخصیات سے رابطے جاری ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بھی گفتگو ہوئی ہے۔ ان کے مطابق بلاول بھٹو بھی چاہتے ہیں کہ مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل ہو اور کسی قسم کے تصادم یا خون خرابے سے بچا جائے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ مذاکرات کے عمل کو کامیاب بنانے کے لیے تمام فریقوں کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور چند روز کا وقت دینا چاہیے تاکہ مثبت پیش رفت ممکن ہو سکے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ عوامی ایکشن کمیٹی ان کی اپیل پر مثبت ردعمل دے گی، کیونکہ پرامن حل نہ صرف خطے بلکہ پاکستانی اور کشمیری عوام کے درمیان اعتماد کے فروغ کے لیے بھی اہم ہے۔