اسلام آباد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کریک ڈاؤن
لین کی خلاف ورزی، رانگ وے ڈرائیونگ، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے، غیر نمونہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے اور غلط پارکنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف ٹریفک پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) اسلام آباد کائنات اظہر خان کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں پر 66 ہزار 89 سے زائد قانونی کارروائیاں کی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوران 6 ہزار 562 موٹر سائیکلیں اور 3 ہزار 285 گاڑیاں مختلف تھانوں میں بند کی گئیں، جبکہ سنگین نوعیت کی خلاف ورزیوں پر 379 مقدمات بھی درج کیے گئے۔
سی ٹی او کے مطابق لین کی خلاف ورزی، رانگ وے ڈرائیونگ، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے، غیر نمونہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے اور غلط پارکنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔
کائنات اظہر خان نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ انہوں نے کہا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا قانوناً جرم ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی جاری رہے گی۔