پنجاب کے 5 شہروں میں گرین الیکٹرک بس سروس کا افتتاح
صوبے میں 5 ہزار بسیں چلانے کا ہدف، خصوصی افراد کیلئے مفت سفر
فائل فوٹو
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے 5 شہروں میں گرین الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کر دیا۔مریم نواز نے لیہ، چنیوٹ، سیالکوٹ، اوکاڑہ اور مری میں گرین الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کیا۔
عارف والا میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ پاکستان کا سب سے بڑا پبلک ٹرانسپورٹ منصوبہ ہے، جن اضلاع میں یہ بسیں شروع کی جا رہی ہیں وہاں کے رہائشیوں کو مبارک ہو۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال مزید 1500 بسیں آ رہی ہیں، جبکہ پانچ سال میں 5 ہزار بسیں چلانے کا ہدف ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ معمر افراد، اسپیشل افراد، خواتین اور طالب علموں کے لیے بس میں سفر بالکل مفت ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں رہنے والا ہر شخص مریم نواز کی ذمہ داری ہے۔ طلبہ کو لیپ ٹاپ، الیکٹرک بائیک، ٹیبلٹ اور 50 ہزار اسکالر شپس دی جا رہی ہیں۔