کالعدم ایکشن کمیٹی کی پریس ریلیز پرچیئرمین اوپی ایف کابیان سامنے آگیا
رابطے کا مقصد مسئلے کا پرامن حل اور تشدد سے باز رکھنا قرار
فائل فوٹو
چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) سید قمر رضا نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی پریس ریلیز پر وضاحتی بیان جاری کر دیا۔
بیان میں سید قمر رضا نے کہا کہ کالعدم کمیٹی کی پریس ریلیز حقائق کو قیاس آرائیوں کی بنیاد پر مسخ کر رہی ہے، رابطے کا مقصد خالصتاً ذاتی خواہش کے تحت مسئلے کا پرامن حل تلاش کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح اور ان کے تحفظات کا ازالہ ان کی اولین ذمہ داری ہے، رابطہ کالعدم کمیٹی کو تشدد سے باز رکھنے اور پرامن راستہ اختیار کرنے کے لیے کیا گیا۔
سید قمر رضا کے مطابق کمیٹی کے بیشتر افراد نے پرامن حل کی تجویز پر منطقی اور مثبت ردعمل دیا، تاہم بعض عناصر ذاتی اور نیک نیتی پر مبنی اقدام کو سستی تشہیر کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے کسی تیسرے فریق کی نہیں بلکہ اپنے لوگوں اور اپنے ادارے کی نمائندگی کی، ان کی کوشش کا واحد مقصد علاقے اور باشندوں سے محبت اور ان کی فلاح تھا۔
چیئرمین او پی ایف نے کہا کہ امن، مفاہمت اور عوامی فلاح کے لیے ان کی کوششیں کسی منفی مہم سے متاثر نہیں ہوں گی۔