ایف آئی اے کی کارروائی، عمرہ کے بہانے یورپ جانے والے نوجوان گرفتار

تینوں مسافر اپنی فیملیز کے ہمراہ سفر کر رہے تھے تاکہ امیگریشن کے دوران کسی قسم کا شک نہ ہو

July 18, 2026 · قومی
ایف آئی اے کی کارروائی، عمرہ کے بہانے یورپ جانے والے نوجوان گرفتار

سیالکوٹ ائیرپورٹ پر ایف آئی اے نے عمرہ ویزوں پر سعودی عرب جانے والے تین نوجوانوں کو آف لوڈ کر دیا، جن پر شبہ تھا کہ وہ عمرہ کی آڑ میں غیر قانونی طور پر یورپ جانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق تینوں مسافر اپنی فیملیز کے ہمراہ سفر کر رہے تھے تاکہ امیگریشن کے دوران کسی قسم کا شک نہ ہو۔ ایک نوجوان اپنی والدہ اور نانی کے ساتھ جبکہ دیگر اپنی والدہ کے ہمراہ روانہ ہو رہے تھے۔

ایف آئی اے حکام نے پوچھ گچھ کے دوران شبہ ہونے پر مسافروں سے مزید تفتیش کی، جس کے بعد مبینہ طور پر انہوں نے اعتراف کیا کہ سعودی عرب پہنچنے کے بعد لیبیا کے راستے یونان کے ذریعے یورپ جانے کا ارادہ رکھتے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس غیر قانونی سفر کے لیے مبینہ طور پر فی کس لاکھوں روپے ادا کیے گئے تھے اور ملزمان ایک ایسے انسانی اسمگلر سے رابطے میں تھے جو یورپ میں مقیم بتایا جاتا ہے۔

ایف آئی اے نے تینوں نوجوانوں کو سیالکوٹ ائیرپورٹ پر آف لوڈ کرکے مزید قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا، جبکہ ان کے سفر کی مکمل تفصیلات اور مبینہ انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق نوجوانوں کے آف لوڈ ہونے کے بعد ان کی والدہ اور نانی نے بھی عمرہ کا سفر جاری رکھنے کے بجائے واپس جانے کا فیصلہ کیا۔