ہنگو:تین گھنٹے مقابلے کے بعد دہشت گرد پسپا، ایک اہلکار زخمی
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے
ہنگو میں پولیس نے دہشت گردوں کی جانب سے ایک چیک پوسٹ پر کیے گئے حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایلیٹ فورس کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ رات نامعلوم مسلح افراد نے خزینہ چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی، تاہم وہاں تعینات اہلکاروں نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کا کہنا ہے کہ دونوں جانب تقریباً تین گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جس کے نتیجے میں حملہ آور اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہو سکے اور علاقے سے فرار ہو گئے۔
فائرنگ کے دوران ایلیٹ فورس کا ایک اہلکار زخمی ہوا، جسے فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔ پولیس کے مطابق زخمی اہلکار کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ مزید کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تلاش اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔