سوات میں گلیشیئر پھٹ گیا، 3 کوہ پیما زخمی،سرچ آپریشن جاری
کوہ پیماؤں کا گروپ چھوٹا کے ٹو بیس کیمپ کی جانب جا رہا تھا کہ راستے میں اچانک گلیشیئر ٹوٹنے کا واقعہ پیش آیا۔
سوات کے سیاحتی علاقے کالام کی وادی مٹلتان میں گلیشیئر پھٹنے کے نتیجے میں سات کوہ پیما حادثے کا شکار ہو گئے، جن میں سے تین زخمی جبکہ ایک لاپتا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق کوہ پیماؤں کا گروپ چھوٹا کے ٹو بیس کیمپ کی جانب جا رہا تھا کہ راستے میں اچانک گلیشیئر ٹوٹنے کا واقعہ پیش آیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے تینوں کوہ پیما راولپنڈی سے تعلق رکھتے ہیں۔ امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد مزید علاج کے لیے سیدو شریف اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق ضلعی ایمرجنسی افسر کی ہدایت پر فوری طور پر امدادی اور طبی ٹیمیں روانہ کی گئیں، تاہم دشوار گزار پہاڑی راستوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
حکام نے بتایا کہ خوازہ خیلہ سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما سید علی شاہ تاحال لاپتا ہیں، جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ ریسکیو اداروں کا کہنا ہے کہ لاپتا شخص کی بازیابی تک امدادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔