ترقیاتی منصوبوں سے سیالکوٹ میں انقلابی تبدیلی آئے گی،خواجہ آصف

کھاریاں سے راولپنڈی موٹروے منصوبہ بھی عملی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جس سے خطے میں آمدورفت بہتر ہوگی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

July 18, 2026 · قومی

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت اور ترقیاتی سیاست پر یقین رکھتی ہے، جبکہ سیالکوٹ میں جاری ترقیاتی منصوبے شہر کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

سیالکوٹ میں فیض احمد فیض فلائی اوور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور رنگ روڈ کے پہلے مرحلے پر بھی جلد عملی کام شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ کھاریاں سے راولپنڈی موٹروے منصوبہ بھی عملی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جس سے خطے میں آمدورفت بہتر ہوگی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے سیالکوٹ کی معاشی اہمیت میں مزید اضافہ ہوگا، جبکہ متعدد یونین کونسلوں کے رہائشی بھی براہِ راست مستفید ہوں گے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پہلے سے منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عوام جلد از جلد ان کے ثمرات سے فائدہ اٹھا سکیں۔