تین سال بعد شیخ زید ایئرپورٹ دوبارہ فعال،فضائی سفر بحال

یہ ایئرپورٹ 1993 میں تعمیر کیا گیا تھا اور اس کا نام متحدہ عرب امارات کے بانی شیخ زاید بن سلطان النہیان کے نام پر رکھا گیا ہے۔

July 18, 2026 · قومی

رحیم یار خان کے شیخ زید ایئرپورٹ سے تقریباً تین سال بعد فضائی آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا، جس کے بعد پہلی تجارتی پرواز کراچی سے 72 مسافروں کو لے کر ایئرپورٹ پہنچی۔

ایئرپورٹ پر پہنچنے والی پرواز کے مسافروں کا انتظامیہ اور متعلقہ حکام کی جانب سے استقبال کیا گیا۔ فضائی آپریشن کی بحالی کو علاقے کے عوام اور مسافروں کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق نجی فضائی کمپنی کی پہلی پرواز کے ذریعے باقاعدہ آپریشن کا دوبارہ آغاز ہوا، جس سے رحیم یار خان اور کراچی کے درمیان فضائی رابطے بحال ہو گئے ہیں۔

یاد رہے کہ مئی 2025 میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران شیخ زید ایئرپورٹ کو نقصان پہنچا تھا، جس کے بعد یہاں فضائی سرگرمیاں متاثر ہو گئی تھیں۔

واضح رہے کہ یہ ایئرپورٹ 1993 میں تعمیر کیا گیا تھا اور اس کا نام متحدہ عرب امارات کے بانی شیخ زاید بن سلطان النہیان کے نام پر رکھا گیا ہے۔