آئی جی آزاد کشمیر نے مظاہرین کیخلاف سخت اعلان کردیا

معصوم شہریوں پر تشدد اور اغوا جیسے واقعات بھی سامنے آئے ہیں، جنہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

July 18, 2026 · قومی

مظفر آباد: انسپکٹر جنرل (آئی جی) آزاد جموں و کشمیر پولیس لیاقت علی ملک نے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو شہید اور زخمی کرنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، جبکہ ایسے افراد سے مذاکرات کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی آزاد کشمیر نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کا قتل، لاشوں کی بے حرمتی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے ناقابل برداشت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو عناصر پولیس اہلکاروں کو نشانہ بناتے ہیں، ان کے ساتھ نرمی یا مذاکرات کی بات قابل قبول نہیں۔

لیاقت علی ملک کا کہنا تھا کہ امن و امان کے قیام کے دوران متعدد پولیس اہلکار شہید ہو چکے ہیں جبکہ کئی اہلکار شدید زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس کا کردار قانون پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے، جبکہ سیاسی معاملات کا حل سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے۔

آئی جی پولیس نے کہا کہ ایک طرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دھمکیاں دی جائیں اور دوسری طرف مذاکرات کی بات کی جائے، یہ رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرتشدد عناصر نہ صرف پولیس بلکہ عام شہریوں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معصوم شہریوں پر تشدد اور اغوا جیسے واقعات بھی سامنے آئے ہیں، جنہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

آئی جی آزاد کشمیر نے دوٹوک انداز میں کہا کہ پولیس اہلکاروں اور شہریوں پر حملوں میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور آزاد کشمیر میں امن و امان کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔