زیارت کے شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

ماز جنازہ میں اعلیٰ حکومتی شخصیات، سیاسی رہنماؤں، پولیس افسران، قبائلی عمائدین، شہداء کے اہل خانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

July 18, 2026 · قومی

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع زیارت میں شہید ہونے والے سات پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ہفتہ کے روز ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں اعلیٰ حکومتی شخصیات، سیاسی رہنماؤں، پولیس افسران، قبائلی عمائدین، شہداء کے اہل خانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نماز جنازہ میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی، اراکین پارلیمنٹ، صوبائی وزراء، سینیٹرز، ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما موجود تھے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

دوسری جانب بلوچستان حکومت اور کوئٹہ دھرنا کمیٹی کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد معاہدہ طے پا گیا، جس کے نتیجے میں سمنگلی روڈ، کوئلہ پھاٹک پر شہداء کے لواحقین کی جانب سے گزشتہ دس روز سے جاری دھرنا ختم کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ زیارت کے علاقے مانگی میں پمپنگ اسٹیشن کی سیکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں پر حملے میں متعدد اہلکار شہید ہوئے تھے، جبکہ ایک اور پولیس اہلکار فرید اللہ کاکڑ کو اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔ ان واقعات کے خلاف شہداء کے لواحقین نے میتوں کے ہمراہ احتجاجی دھرنا دیا تھا۔

حکومت اور دھرنا کمیٹی کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں شہداء کے اہل خانہ کے مطالبات پر پیش رفت کے بعد احتجاج ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ حکام نے واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور متاثرہ خاندانوں سے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔