ہٹیاں بالا میں بڑا سیاسی اتحاد،تین امیدوار اشفاق ظفر کے حق میں دستبردار
مختلف سیاسی قوتوں کا اتحاد عوامی مفاد میں ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ انتخابات میں حلقے کے عوام تبدیلی کے حق میں فیصلہ دیں گے۔
ہٹیاں بالا: آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ ایل اے-32 ہٹیاں بالا میں انتخابی سرگرمیوں کے دوران اہم سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مسلم کانفرنس، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے امیدوار اور ایک آزاد امیدوار نے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار صاحبزادہ اشفاق ظفر کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے انتخابی میدان سے دستبرداری اختیار کر لی۔
ہٹیاں بالا میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار صاحبزادہ اشفاق ظفر نے حمایت کرنے والے امیدواروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مختلف سیاسی قوتوں کا اتحاد عوامی مفاد میں ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ انتخابات میں حلقے کے عوام تبدیلی کے حق میں فیصلہ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ منتخب ہونے کی صورت میں سرکاری وسائل کو عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا اور حلقے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت ہی ان کی سیاست کا بنیادی مقصد ہے۔
مسلم کانفرنس کے دستبردار امیدوار اسد شہزاد نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کی اکثریت نے پیپلز پارٹی کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے اور وہ انتخابی مہم میں مشترکہ امیدوار کی کامیابی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار مشتاق احمد ڈار نے کہا کہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر انہوں نے غیر مشروط طور پر صاحبزادہ اشفاق ظفر کے حق میں دستبرداری اختیار کی ہے اور جے یو آئی نے اس حلقے میں پیپلز پارٹی کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔
آزاد امیدوار راجہ کاشف حسین نے بھی اپنی دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے حامیوں سے مشاورت کے بعد پیپلز پارٹی کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلے کے پیچھے کسی قسم کا سیاسی معاہدہ نہیں۔
اس موقع پر مسلم کانفرنس کے ضلعی رہنما راجہ محمد وقار خان نے بھی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ مشترکہ امیدوار صاحبزادہ اشفاق ظفر کی انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیں اور انتخابات میں ان کی کامیابی کے لیے کردار ادا کریں۔