شدید دھند نے مری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا

اہم شاہراہوں پر اضافی نفری تعینات کر کے ٹریفک کی نگرانی اور شہریوں کی رہنمائی کا سلسلہ جاری ہے۔

July 18, 2026 · قومی

مری: شدید دھند کے باعث مری اور گردونواح کی مختلف شاہراہوں پر حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی رفتار بھی معمول سے کم رہی۔

پولیس حکام کے مطابق خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر مری پولیس اور ٹریفک وارڈنز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ اہم شاہراہوں پر اضافی نفری تعینات کر کے ٹریفک کی نگرانی اور شہریوں کی رہنمائی کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ موجودہ موسمی حالات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر ناگزیر ہو تو انتہائی احتیاط سے گاڑی چلائیں۔

 

انہوں نے ہدایت کی کہ ڈرائیور رفتار کم رکھیں، ہیڈ لائٹس اور فوگ لائٹس کا مناسب استعمال کریں، گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں اور ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

ڈی پی او مری نے خود بھی مختلف شاہراہوں کا دورہ کر کے ٹریفک انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ اہلکاروں کو ہدایت کی کہ شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں۔