نورین نیازی کو این سی سی آئی اے کا نوٹس جاری، 20 جولائی کو طلب
مقررہ تاریخ پر پیش نہ ہونے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر اسلام آباد نے نورین نیازی کو انکوائری کے سلسلے میں طلبی کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نوٹس کے مطابق نورین نیازی کو تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 160 کے تحت 20 جولائی 2026 کو دوپہر 12 بجے این سی سی آئی اے کے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر، اسلام آباد میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹس میں درج ہے کہ انکوائری نمبر RE-2031/2026 کے تحت ریاست مدعی ہے، جبکہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر جھوٹا، اشتعال انگیز اور توہین آمیز مواد پھیلایا گیا، جس سے ریاستی اداروں کی ساکھ متاثر کرنے اور گمراہ کن بیانیے کو فروغ دینے کی کوشش کی گئی۔
نوٹس کے مطابق متعلقہ فرد کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ساتھ ہی اصل شناختی کارڈ ساتھ لانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ پر پیش نہ ہونے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔