اسحاق ڈار کی سیکرٹری خارجہ اور سینئر سفارتی حکام سے ملاقات
ملاقات کے دوران حالیہ سفارتی روابط، مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات میں پیش رفت اور آئندہ کے سفارتی لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ میں سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور سینئر سفارتی حکام سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں اور خارجہ پالیسی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران حالیہ سفارتی روابط، مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات میں پیش رفت اور آئندہ کے سفارتی لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر علاقائی اور عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی ترجیحات پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قومی مفادات کے تحفظ اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اہداف کے حصول کے لیے مؤثر سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مربوط کوششیں جاری رکھی جائیں۔
اجلاس میں وزارت خارجہ کی پیشہ ورانہ کارکردگی، بین الاقوامی روابط کے فروغ اور سفارتی حکمت عملی کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔