انمول عرف پنکی کا بھائی کراچی میں منشیات سمیت گرفتار
گھوڑا چورنگی کے قریب کارروائی میں ملزم کامران مراد کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس
جمشید کوارٹرز پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ منشیات فروش کامران مراد کو گرفتار کر لیا، جو پولیس کے مطابق بدنام زمانہ منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کا بھائی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق کارروائی گھوڑا چورنگی کے قریب انٹیلی جنس اطلاع کی بنیاد پر کی گئی۔ تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے دو کلو گرام چرس، آدھا کلو گرام آئس، موبائل فون، پرس، شناختی کارڈ اور نقد رقم برآمد کرکے قبضے میں لے لی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق انمول عرف پنکی کا بھائی کامران مراد کراچی کے مختلف علاقوں میں چرس، آئس اور ہیروئن کی مبینہ سپلائی میں ملوث تھا۔
حکام کے مطابق ملزم اس سے قبل بھی منشیات فروشی کے مقدمات میں جیل جا چکا ہے۔ پولیس نے انمول عرف پنکی کے بھائی کامران مراد کے خلاف تھانہ جمشید کوارٹرز میں منشیات ایکٹ کے تحت دو مقدمات درج کر لیے ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔