آج سے 25 جولائی تک مون سون کی نئی لہر۔بارشوں کی پیشگوئی

اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے بارشیں متوقع۔

July 19, 2026 · قومی

محکمہ موسمیات نے آج سے 25 جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہو رہا ہے، جس کے باعث بالائی اور وسطی علاقوں میں موسم تبدیل ہونے کا امکان ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور پنجاب کے مختلف شہروں میں آج سے بارش متوقع ہے، جبکہ پنجاب کے متعدد اضلاع میں 20 سے 24 جولائی کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں آج سے 25 جولائی تک مختلف مقامات پر بارش ہوگی، جبکہ بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے۔ اسی طرح خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 20 سے 23 جولائی کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ادھر گلگت بلتستان میں بھی 25 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ چند مقامات پر شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے نشیبی علاقوں میں شہریوں کو محتاط رہنے اور متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔