ڈی جی آئی ایس پی آر کی سمر کیمپ 2026 کے شرکاء سے ملاقات
سمر کیمپ میں ملک کے 18 سے زائد شہروں سے نویں سے بارہویں جماعت تک کے چار ہزار سے زیادہ طلبہ و طالبات حصہ لے رہے ہیں۔
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے زیرِ اہتمام جاری سمر کیمپ 2026 میں ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے شریک طلبہ و طالبات سے خصوصی نشست کی، جس میں قومی سلامتی، دہشت گردی کے خطرات اور پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز پر گفتگو کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سمر کیمپ میں ملک کے 18 سے زائد شہروں سے نویں سے بارہویں جماعت تک کے چار ہزار سے زیادہ طلبہ و طالبات حصہ لے رہے ہیں۔ پروگرام کا مقصد نوجوانوں میں قومی شعور، ذمہ داری کے احساس اور مثبت کردار کو فروغ دینا ہے۔
نشست کے دوران طلبہ کو داخلی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال، دہشت گردی کے مختلف پہلوؤں اور غلط معلومات و پروپیگنڈے کے اثرات سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ شرکاء نے کہا کہ انہیں قومی سلامتی سے متعلق مختلف امور کو بہتر انداز میں سمجھنے کا موقع ملا۔
طلبہ و طالبات کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے غلط معلومات تیزی سے پھیلتی ہیں، اس لیے درست معلومات تک رسائی اور حقائق کی جانچ انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ملک میں امن و استحکام کے لیے قومی یکجہتی ضروری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سمر کیمپ نوجوان نسل کی فکری اور تعلیمی استعداد کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں قومی امور سے آگاہ کرنے کی ایک اہم کوشش ہے، جس کے ذریعے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو باہمی رابطے اور سیکھنے کے مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔