اسحاق ڈار اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی ملاقات، بلوچستان کی ترقی اور امن پر اتفاق
دونوں رہنماؤں نے بلوچستان میں پائیدار امن، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی ترقی، عوامی مسائل اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے کی معاشی ترقی کے لیے اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے عوام کے مسائل کے حل اور معاشی خوشحالی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
اس موقع پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی صوبے میں امن، استحکام اور عوامی ترقی کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرتی رہے گی۔
دونوں رہنماؤں نے بلوچستان میں پائیدار امن، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ اور طارق باجوہ بھی شریک تھے۔