ناران جاتے ہوئے سیاحوں کی گاڑی کھائی میں گر گئی، 4 افراد جاں بحق

حادثہ مانسہرہ سے ناران جانے والی شاہراہ پر پیش آیا۔ اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

July 19, 2026 · قومی

مانسہرہ: ناران جانے والے سیاحوں کی ایک کار حادثے کا شکار ہو کر گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں چار افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ مانسہرہ سے ناران جانے والی شاہراہ پر پیش آیا۔ اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق سیالکوٹ سے تھا، جبکہ زخمی شخص کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، تاہم واقعے کی مزید وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

حکام نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران ٹریفک قوانین پر عمل کریں، رفتار کو قابو میں رکھیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔