لاہور:وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ کی گاڑی کے قریب فائرنگ کرنے والا ملزم گرفتار
ملزم کی گرفتاری کے لیے سیف سٹی کیمروں، جدید ٹیکنالوجی اور مختلف مقامات پر نصب نگرانی کے نظام سے مدد حاصل کی گئی
لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی گاڑی کے قریب مبینہ طور پر ہوائی فائرنگ کرنے والے نوجوان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ رات ڈیفنس اے کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک کار سوار نوجوان نے وفاقی وزیر کی گاڑی کو اوور ٹیک کرنے کے بعد مبینہ طور پر فائرنگ کی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو اسلحے سمیت حراست میں لے لیا، جبکہ اس کے زیر استعمال گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے سیف سٹی کیمروں، جدید ٹیکنالوجی اور مختلف مقامات پر نصب نگرانی کے نظام سے مدد حاصل کی گئی، جس کے بعد اسے ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اہل خانہ کے ہمراہ سفر کر رہے تھے کہ ایک گاڑی نے انہیں بائیں جانب سے اوور ٹیک کیا، جس کے بعد کار سوار نوجوان نے مبینہ طور پر پانچ فائر کیے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد انہوں نے مشتبہ گاڑی کا تعاقب کیا اور قریبی پولیس ناکے کو بھی اطلاع دی، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کا آغاز کیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملزم سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ فائرنگ کے محرکات اور دیگر پہلوؤں کا تعین کیا جا سکے۔