شیخوپورہ تھیٹر میں اداکارہ پر تشدد،ملزم گرفتار
واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
لاہور: شیخوپورہ کے ایک مقامی تھیٹر میں اسٹیج اداکارہ سے مبینہ بدسلوکی اور تشدد کے واقعے میں نامزد ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا، جبکہ پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ملزم کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ گلستان تھیٹر میں ڈرامے کے دوران پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تھیٹر مالکان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اداکاروں اور دیگر فنکاروں کے لیے مؤثر سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ خواتین کے ساتھ بدسلوکی، تشدد یا تضحیک کسی صورت قابل قبول نہیں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق ملزم راجہ زین نے قبل از گرفتاری ضمانت حاصل کر رکھی ہے، تاہم اس ضمانت کی منسوخی کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔