پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیر اہتمام 51واں انٹرنیشنل نتھیا گلی سمر کالج اختتام پذیر
دنیا کے مختلف ممالک سے آئے سائنس دانوں، محققین اور طلبہ نے شرکت کی۔
اسلام آباد: پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (PAEC) کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا 51واں انٹرنیشنل نتھیا گلی سمر کالج کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا، جس میں دنیا کے مختلف ممالک سے آئے سائنس دانوں، محققین اور طلبہ نے شرکت کی۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے مطابق سمر کالج میں 20 ممالک کے ممتاز سائنس دان شریک ہوئے۔ پروگرام کا مقصد عالمی سطح پر سائنسی تعاون کو فروغ دینا، محققین اور طلبہ کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا اور جدید سائنسی تحقیق و ٹیکنالوجی پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے کہا کہ انٹرنیشنل نتھیا گلی سمر کالج حکومت کے “اڑان پاکستان” وژن سے ہم آہنگ ہے اور اس پلیٹ فارم کے ذریعے مستقبل کی جدید ٹیکنالوجیز اور سائنسی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ایسے بین الاقوامی سائنسی پروگرام تحقیق، اختراع اور عالمی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ نوجوان سائنس دانوں اور طلبہ کو جدید رجحانات سے آگاہ کرنے کا بھی مؤثر ذریعہ ہیں۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء میں انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ ملکی اور غیر ملکی ماہرین کو سائنسی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔