آزاد کشمیر کے انتخابات مقررہ شیڈول کے مطابق ہوں گے، چیف الیکشن کمشنر
انتخابات ملتوی ہونے سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔
مظفرآباد: چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) مصطفیٰ مغل نے واضح کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں عام انتخابات 2026 مقررہ شیڈول کے مطابق بروقت منعقد ہوں گے اور انتخابات ملتوی ہونے سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔
خصوصی پیغام میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملازمین کی پولنگ پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوگی جبکہ انتخابی عمل کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق مہاجرین جموں و کشمیر کے حلقوں سمیت تمام ریٹرننگ افسران کو پولنگ میٹریل فراہم کر دیا گیا ہے۔ تاہم حلقہ LA-24 پونچھ و سدھنوتی-7 (بلوچ) میں ایک امیدوار کے انتقال کے باعث اس حلقے میں پولنگ بعد میں کرائی جائے گی، جبکہ دیگر تمام انتخابی حلقوں میں 27 جولائی کو شیڈول کے مطابق ووٹنگ ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی انتظامی اور انتخابی تیاریاں مکمل ہیں۔ انتخابات کے دوران پاک فوج، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے سکیورٹی کی ذمہ داریاں انجام دیں گے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری رسپانس فورس بھی تعینات رہے گی۔
جسٹس (ر) مصطفیٰ مغل نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ بلا خوف و خطر گھروں سے نکلیں اور اپنا آئینی و جمہوری حقِ رائے دہی استعمال کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ اداروں کی مشاورت سے جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے تاکہ انتخابات شفاف، آزادانہ، غیر جانبدار اور پرامن ماحول میں منعقد کیے جا سکیں۔
انہوں نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ پولنگ ملتوی ہونے کی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں اور پولنگ میٹریل کی ترسیل مکمل ہونے کے بعد انتخابات ہر صورت مقررہ وقت پر ہوں گے۔