پنجاب کے دریاؤں اور ندی نالوں میں سیلاب کا خدشہ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا
بسنتر، ڈیگ، ایک، پلکھو، بھمبر، ہلسی اور ڈورا میں بھی پانی کی سطح بڑھنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آئندہ چند روز کے دوران صوبے کے مختلف دریاؤں، ندی نالوں اور شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 20 سے 24 جولائی کے دوران بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر نچلے سے اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ دریائے راوی اور چناب سے ملحقہ نالوں بہیں، بسنتر، ڈیگ، ایک، پلکھو، بھمبر، ہلسی اور ڈورا میں بھی پانی کی سطح بڑھنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
ادارے نے ڈیرہ غازی خان کی رود کوہیوں میں اچانک آنے والے سیلاب (فلیش فلڈ) کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔ اس کے علاوہ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولنگر اور راولپنڈی ڈویژن کے مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کا امکان بتایا گیا ہے۔
ممکنہ صورتحال کے پیش نظر تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، واسا، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ محکمہ آبپاشی، صحت، زراعت، جنگلات، لائیو اسٹاک، ٹرانسپورٹ اور لوکل گورنمنٹ کو بھی پیشگی انتظامات مکمل کرنے کا کہا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز فعال رکھے جائیں، ریسکیو ٹیمیں ہر وقت تیار رہیں اور امدادی کارروائیوں کے لیے ضروری سامان، ایندھن اور مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دریا کے کناروں اور پاٹ میں رہائش پذیر افراد اور مویشیوں کی بروقت منتقلی کو یقینی بنایا جائے، جبکہ فلڈ ریلیف کیمپوں میں خوراک، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں، غیر ضروری طور پر سیلابی علاقوں کا رخ نہ کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 یا ریسکیو 1122 سے فوری رابطہ کریں۔