وادی کاغان میں کلاؤڈ برسٹ،سیری ندی میں طغیانی،پل بہہ گئے

شدید بارشوں اور سیلابی پانی کے باعث مرکزی شاہراہ نیلم پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی

July 19, 2026 · قومی
وادی کاغان میں کلاؤڈ برسٹ،سیری ندی میں طغیانی،پل بہہ گئے

وادی کاغان میں ہونے والے کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیری ندی میں اچانک شدید طغیانی آ گئی، جس کے باعث علاقے میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیلابی ریلے کی زد میں آ کر تین عارضی تختہ پل بہہ گئے، جبکہ نالے میں آنے والے تیز پانی سے متعدد افراد کے مال مویشی بھی بہہ گئے۔ صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

شدید بارشوں اور سیلابی پانی کے باعث مرکزی شاہراہ نیلم پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جبکہ ضلعی انتظامیہ، نیلم پولیس اور امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوری میں بھی موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں اچانک سیلاب آ گیا، جس سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔ حکام کے مطابق ایک شخص جان کی بازی ہار گیا، جبکہ متعدد گاڑیاں تیز بہاؤ میں بہہ گئیں۔

متعلقہ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے احتیاط برتیں۔