نیلم ویلی میں کلائوڈ برسٹ ، سیلابی ریلے سے تباہی، 6مکانات، 16دکانیں، مسجد تباہ
فلیش فلڈ کے دوران ایک کیری وین، دو جیپیں، 11 موٹر سائیکلیں اور 6 لکڑی کے پل بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئے،
نیلم ویلی کے علاقے کٹھہ پیراں میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد اچانک آنے والے فلیش فلڈ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ تیز سیلابی ریلے کے باعث متعدد عمارتیں، گاڑیاں اور پل متاثر ہوئے جبکہ علاقے میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق سیلابی پانی کی زد میں آ کر 6 رہائشی مکانات، 16 دکانیں، ایک مسجد اور ایک مڈل اسکول کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ اس کے علاوہ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کٹھہ پیراں کی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا، جس سے تعلیمی سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔
انتظامیہ کے مطابق فلیش فلڈ کے دوران ایک کیری وین، دو جیپیں، 11 موٹر سائیکلیں اور 6 لکڑی کے پل بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئے، جس سے علاقے کا زمینی رابطہ متاثر ہوا۔
ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ تاہم نقصانات کا مکمل جائزہ لینے کے لیے سروے جاری ہے اور تفصیلی رپورٹ مرتب کی جا رہی ہے۔
متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ بحالی کے اقدامات اور امدادی سرگرمیوں کے لیے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔