ٹنڈو آدم کے قریب مال گاڑی حادثے کا شکار،ریلوے ٹریفک معطل

منسوخ ہونے والی ٹرینوں کے مسافروں کو ٹکٹوں کی مکمل رقم واپس کی جا رہی ہے

July 19, 2026 · قومی

حیدرآباد: ٹنڈو آدم کے قریب مال بردار ٹرین کے حادثے کے بعد ریلوے ٹریک کو شدید نقصان پہنچا، جس کے باعث اپ اور ڈاؤن دونوں ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق متاثرہ ٹریک کی بحالی کے لیے مرمتی کام جاری ہے۔ حادثے کے پیش نظر کراچی سے لاہور جانے والی قراقرم ایکسپریس سمیت مختلف روٹس پر چلنے والی متعدد مسافر ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ منسوخ ہونے والی ٹرینوں کے مسافروں کو ٹکٹوں کی مکمل رقم واپس کی جا رہی ہے۔ کوٹری اسٹیشن پر موجود علامہ اقبال ایکسپریس کے مسافروں کو بھی ریفنڈ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

پاکستان ریلوے نے کراچی سے روانہ ہونے والی دیگر ٹرینوں کو بھی عارضی طور پر منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ٹریک کی بحالی کا کام محفوظ انداز میں مکمل کیا جا سکے۔

ریلوے انتظامیہ نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ سفر سے قبل اپنی متعلقہ ٹرین کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں، کیونکہ بحالی کا کام مکمل ہونے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔