آسمانی بجلی گرنے سے گھر کی چھت منہدم، دو بچے جاں بحق، ماں اور بیٹی زخمی

جاں بحق ہونے والوں میں 2 سالہ محمد حسین اور ایک سالہ زنیرہ شامل ہیں، جو چھت گرنے کے باعث ملبے تلے دب گئے تھے۔

July 20, 2026 · قومی

رستم: خیبرپختونخوا کے علاقے عرفان نگر میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک گھر کے کمرے کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر دو کمسن بچے جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 2 سالہ محمد حسین اور ایک سالہ زنیرہ شامل ہیں، جو چھت گرنے کے باعث ملبے تلے دب گئے تھے۔

حادثے میں بچوں کی والدہ اور 14 سالہ بہن بھی زخمی ہوئیں، جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر ملبے سے نکال کر طبی امداد کے لیے مردان میڈیکل کمپلیکس (ایم ایم سی) اسپتال منتقل کر دیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور کارروائی کے بعد ملبہ ہٹا کر متاثرین کو نکال لیا گیا۔ زخمیوں کو علاج فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ واقعے کے بعد امدادی آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق واقعے کی وجہ آسمانی بجلی گرنے سے کمرے کی چھت کا منہدم ہونا بنی، جبکہ مزید تفصیلات کے لیے متعلقہ ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔