مریم نواز کا تعلیمی شعبے کے لیے بڑا تحفہ، طالبات کو مفت الیکٹرک بائیکس

تعلیمی ادارے کا بونافائیڈ سرٹیفکیٹ، پنجاب ڈومیسائل، ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ، پاسپورٹ سائز تصاویر اور ضرورت پڑنے پر خاندان سے متعلق اضافی معلومات یا حلف نامہ جمع کرانا ہوگا۔

July 20, 2026 · قومی

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طلبہ و طالبات کے لیے الیکٹرک بائیک اسکیم 2026 کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت صوبے بھر میں ایک لاکھ طلبہ و طالبات کو الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی۔ اس منصوبے کا مقصد نوجوانوں کو تعلیمی اداروں تک آسان، کم خرچ اور ماحول دوست سفری سہولت مہیا کرنا ہے۔

اسکیم کے تحت طالبات کو الیکٹرک بائیکس مفت دی جائیں گی، جبکہ طلبہ کو بائیکس بلاسود اور آسان اقساط پر فراہم کی جائیں گی۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق درخواست دینے کے لیے امیدوار کی عمر کم از کم 18 سال ہونا ضروری ہے۔ درخواست دہندہ کسی ڈگری کالج یا یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم ہو اور اس کا تعلیمی ادارہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے منظور شدہ ہو۔ اس کے علاوہ پنجاب کا مستقل ڈومیسائل، موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ بھی لازمی ہوگا۔

اسکیم کی شرائط کے مطابق درخواست دینے والا کسی رجسٹرڈ موٹر گاڑی کا مالک نہیں ہونا چاہیے، جبکہ ایک خاندان سے صرف ایک فرد ہی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکے گا، چاہے ایک سے زیادہ بہن بھائی اہل کیوں نہ ہوں۔

درخواستیں صرف پنجاب حکومت کے آن لائن پورٹل کے ذریعے وصول کی جائیں گی۔ امیدوار پہلے رجسٹریشن یا لاگ اِن کریں گے، پھر آن لائن فارم مکمل کر کے مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کریں گے۔ درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد کامیاب امیدواروں کا انتخاب کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔

درخواست کے ساتھ تعلیمی ادارے کا بونافائیڈ سرٹیفکیٹ، پنجاب ڈومیسائل، ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ، پاسپورٹ سائز تصاویر اور ضرورت پڑنے پر خاندان سے متعلق اضافی معلومات یا حلف نامہ جمع کرانا ہوگا۔

حکومت نے کہا ہے کہ اسکیم سے متعلق مزید معلومات یا درخواست کے عمل میں رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 042-111-333-267 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔