آزاد کشمیر انتخابات: سرکاری ملازمین آج حقِ رائے دہی استعمال کریں گے
پولنگ کا عمل آزاد کشمیر کے آٹھ اضلاع میں جاری رہے گا، تاہم راولاکوٹ اور ضلع سدھنوتی میں امن و امان کی صورتحال کے باعث پولنگ نہیں ہوگی۔
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں آج سرکاری ملازمین کے لیے پولنگ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کے تحت مختلف سرکاری اداروں میں خدمات انجام دینے والے اہلکار اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔
الیکشن حکام کے مطابق پولنگ کا عمل آزاد کشمیر کے آٹھ اضلاع میں جاری رہے گا، تاہم راولاکوٹ اور ضلع سدھنوتی میں امن و امان کی صورتحال کے باعث پولنگ نہیں ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر میں مختلف سرکاری محکموں سے وابستہ تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار ملازمین اس خصوصی پولنگ میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔
دوسری جانب راولاکوٹ میں قانون ساز اسمبلی کی پانچ نشستوں پر انتخابی سرگرمیاں امن و امان کی صورتحال سے متاثر رہی ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری احتجاج کے باعث امیدواروں کو انتخابی مہم چلانے میں مشکلات کا سامنا رہا، تاہم الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے اب تک کسی امیدوار کی جانب سے باضابطہ شکایت موصول نہیں ہوئی۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 27 جولائی کو ہوں گے، جبکہ انتخابی مہم 25 جولائی کی رات 12 بجے اختتام پذیر ہو جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے تمام متعلقہ اداروں کو شفاف، پرامن اور منظم پولنگ کے انعقاد کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔