راول ڈیم میں ہزاروں مچھلیاں ہلاک،آلودگی کے خدشے پر تحقیقات شروع

اگر مچھلیوں کی ہلاکت کی اصل وجہ بروقت معلوم نہ کی گئی تو اس کے اثرات آبی حیات کے ساتھ ساتھ انسانی صحت پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔

July 20, 2026 · قومی

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے راول ڈیم میں بڑی تعداد میں مچھلیوں کی ہلاکت کے بعد مقامی آبادی میں تشویش پھیل گئی ہے۔ بنی گالا اور ڈھوکڑی چوک کے اطراف ڈیم کے کناروں پر مردہ مچھلیاں جمع ہونے سے علاقے میں تعفن پھیل گیا، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

مقامی رہائشیوں کے مطابق کئی روز سے مردہ مچھلیاں پانی کی سطح پر تیرتی ہوئی کناروں تک پہنچ رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال بھی اسی نوعیت کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کی وجہ بعض افراد نے مبینہ طور پر پانی میں زہریلے مادوں کی آمیزش قرار دی تھی، تاہم اس حوالے سے کوئی مؤثر کارروائی سامنے نہیں آئی۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر مچھلیوں کی ہلاکت کی اصل وجہ بروقت معلوم نہ کی گئی تو اس کے اثرات آبی حیات کے ساتھ ساتھ انسانی صحت پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پانی کے معیار کا فوری سائنسی جائزہ لینا ضروری ہے۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کے محکمہ فشریز کے مطابق ابتدائی جائزے میں مچھلیوں کی ہلاکت کی ممکنہ وجوہات میں ڈیم میں پانی کی کم سطح اور شدید گرمی شامل ہیں۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ پانی کے نمونے حاصل کرکے مزید تحقیقات کی جائیں گی تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا پانی میں کسی کیمیائی مادے کی آمیزش تو نہیں ہوئی۔

متعلقہ اداروں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مچھلیوں کی ہلاکت کی اصل وجہ سامنے لائی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر مناسب کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔