وزیراعظم شہباز شریف کی اسپین کو فیفا ورلڈ کپ 2026 جیتنے پر مبارکباد

اسپین نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران اعلیٰ معیار کے کھیل، بہترین ٹیم ورک، نظم و ضبط اور غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث وہ عالمی ٹائٹل کا حق دار قرار پایا۔

July 20, 2026 · قومی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں کامیابی حاصل کرنے پر اسپین کی قومی فٹبال ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس کی شاندار کارکردگی کو سراہا ہے۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اسپین نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران اعلیٰ معیار کے کھیل، بہترین ٹیم ورک، نظم و ضبط اور غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث وہ عالمی ٹائٹل کا حق دار قرار پایا۔

وزیراعظم نے ورلڈ کپ کی کامیاب میزبانی پر امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کو بھی مبارکباد دی۔ انہوں نے کینیڈا اور میکسیکو کی حکومتوں اور عوام کو مشترکہ میزبانی میں تعاون اور مؤثر انتظامات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

شہباز شریف نے فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اس عالمی ایونٹ نے دنیا بھر میں فٹبال کے فروغ اور کھیلوں کے ذریعے مختلف اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ کھیل مستقبل میں بھی عالمی سطح پر دوستی، اتحاد، امن اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ بنتے رہیں گے۔