کے ٹو ایئر ویز طیارہ حادثہ،بلیک باکس اور انجنز کی تلاش کے لیے غیر ملکی مدد لینے پر غور

یاد رہے کہ 7 جولائی کو شارجہ سے کراچی آنے والی کے ٹو ایئر ویز کی پرواز اورماڑہ کے قریب سمندر میں حادثے کا شکار ہوئی تھی

July 20, 2026 · قومی

کراچی: کے ٹو ایئر ویز طیارہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں، جہاں حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

بیورو آف ایئرکرافٹ سیفٹی انویسٹیگیشن کی تحقیقاتی ٹیم نے اورماڑہ کے قریب فضائی حدود سے سمندری علاقے کا معائنہ کیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ شارجہ سے کراچی آنے والی پرواز کس صورتحال میں سمندر میں گری۔

ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ادارے نے طیارے کے دستیاب ریکارڈ کا جائزہ لینے کا عمل مکمل کر لیا ہے، جبکہ سمندر کی گہرائی میں موجود طیارے کے انجنز، بلیک باکس اور عملے کی باقیات کی تلاش کے لیے بین الاقوامی ماہرین یا خصوصی کمپنیوں سے مدد لینے پر غور کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ 7 جولائی کو شارجہ سے کراچی آنے والی کے ٹو ایئر ویز کی پرواز اورماڑہ کے قریب سمندر میں حادثے کا شکار ہوئی تھی، جس میں عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔ حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔