تم نے ملک کا نقصان کیا، گروپ کیپٹن کے قاتل سے جج کا مکالمہ

"اب رونے کا کیا فائدہ ہے؟ تم نے ملک کا کتنا بڑا نقصان کیا ہے، ایک معصوم گھر تباہ کر دیا۔"

July 20, 2026 · قومی

اسلام آباد: گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق قتل کیس میں سماعت کے دوران جج اور ملزم کے درمیان اہم مکالمہ سامنے آیا ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں ملزم سعد عباسی کو پیش کیا گیا، جہاں گواہوں نے ملزم کی شناخت کر لی۔ عدالت نے پولیس کی درخواست پر ملزم کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

سماعت کے دوران جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے ملزم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “اب رونے کا کیا فائدہ ہے؟ تم نے ملک کا کتنا بڑا نقصان کیا ہے، ایک معصوم گھر تباہ کر دیا۔”

جج نے مزید کہا کہ ملزم کو اندازہ نہیں کہ اس کے عمل سے ملک نے ایک قیمتی اثاثہ کھو دیا، اور اب محض پچھتاوے سے نقصان واپس نہیں ہو سکتا۔

پولیس کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم طارق مبینہ طور پر ایک خاتون کو اغوا کی کوشش سے بچانے کے دوران شہید ہوئے تھے۔ واقعے کے بعد ملزم کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

عدالت نے مزید تفتیش کے لیے ملزم کو پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا، جبکہ کیس کی کارروائی جاری ہے۔