غیرملکی خواتین کے اغوا میں ملوث ’’باس‘‘ کی بازیابی کی درخواست پر فیصلہ
جسٹس عبہر گل خان نے ممتاز بی بی کی درخواست پر سماعت کی، جس میں آئی جی پنجاب، ڈی آئی جی آپریشنز اور متعلقہ پولیس افسران کو فریق بنایا گیا تھا
لاہور ہائیکورٹ میں دو غیر ملکی خواتین سے زیادتی کے ہائی پروفائل کیس میں رضا ڈار کے شریک ملزم وحید طاہر کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سماعت مکمل کرلی گئی، عدالت نے پولیس رپورٹ کی روشنی میں کیس نمٹا دیا۔
پیر کو جسٹس عبہر گل خان نے ممتاز بی بی کی درخواست پر سماعت کی، جس میں آئی جی پنجاب، ڈی آئی جی آپریشنز اور متعلقہ پولیس افسران کو فریق بنایا گیا تھا۔ سماعت کے دوران ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران عدالت میں پیش ہوئے۔
پولیس کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم وحید طاہر اس وقت پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس تحویل میں ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس نے ملزم کو غیر قانونی طور پر اٹھا کر غائب کر دیا ہے اور اہل خانہ کو اس کی موجودہ حالت اور مقام کے بارے میں آگاہ نہیں کیا جا رہا۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت ملزم کو فوری پیش کرنے، اس کی حراست کو غیر قانونی قرار دینے، رہائی کا حکم دینے اور اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دینے کے احکامات جاری کرے تاہم عدالت نے پولیس رپورٹ کی بنیاد پر درخواست نمٹاتے ہوئے مزید کارروائی ختم کردی۔