این سی سی آئی اے نوٹس پرنورین نیازی کاتحریری جواب جمع،الزامات مسترد
نورین نیازی نے نوٹس کی قانونی حیثیت پر سوالات اٹھائے، مزید مہلت بھی طلب
فائل فوٹو
اداروں کے خلاف مبینہ قابل اعتراض بیانات کے معاملے میں بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نورین نیازی نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے نوٹس کا اپنے وکیل کے ذریعے تحریری جواب جمع کرا دیا۔
نورین نیازی نے اپنے جواب میں نوٹس کی قانونی حیثیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ نوٹس میں الزامات اور متعلقہ قانونی شقیں واضح نہیں کی گئیں۔ انہوں نے این سی سی آئی اے سے شکایت اور الزامات کی مکمل تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
تحریری جواب میں نورین نیازی نے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کیا اور کہا کہ وہ قانون کے دائرے میں مکمل تعاون کریں گی، تاہم اپنے آئینی اور قانونی حقوق محفوظ رکھتی ہیں۔
دوسری جانب نورین نیازی کے وکیل فیصل ملک ایڈووکیٹ نے این سی سی آئی اے کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوٹس میں درج پتہ بھی غلط تھا اور اس کا علم انہیں سوشل میڈیا کے ذریعے ہوا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر کوئی شکایت موجود ہے تو اس کی نقل فراہم کی جائے اور واضح کیا جائے کہ نورین نیازی کو کس قانون کے تحت طلب کیا گیا ہے۔
فیصل ملک ایڈووکیٹ کے مطابق نورین نیازی کا ابتدائی جواب جمع کرا دیا گیا ہے جبکہ مزید تفصیلات فراہم کرنے کے لیے چار ہفتوں کی مہلت طلب کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نورین نیازی اس وقت بیرون ملک ہیں، اس لیے فوری پیشی ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نورین نیازی تمام ریاستی اداروں کا احترام کرتی ہیں اور ایک محب وطن پاکستانی ہیں، اس لیے ان کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جانا چاہیے۔ فیصل ملک ایڈووکیٹ نے یہ بھی کہا کہ نورین نیازی کے بھائی نے ساری زندگی ملک کا نام روشن کرنے کی کوشش کی۔