غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف تحصیل دربند کے عوام کا اوگی میں احتجاج

بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے

July 20, 2026 · قومی

فائل فوٹو

تحصیل دربند اوگی میں بجلی کے شدید بحران، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، کم وولٹیج اور بار بار آنے والے فالٹس کے خلاف آج اوگی گریڈ اسٹیشن کے سامنے بھرپور پرامن احتجاج جاری ہے۔ احتجاج میں تحصیل دربند کے مختلف فیڈرز سے منسلک عوام، تاجر، نوجوان اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہیں۔

 

دربند کے عوام گزشتہ کئی برسوں سے بجلی کے شدید بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، کم وولٹیج اور بار بار فالٹس نے عوام، تاجروں، طلبہ اور کاروباری طبقے کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ متاثرینِ تربیلا ڈیم نے پاکستان کی ترقی کے لیے اپنے آباؤ اجداد کی نشانیوں، گھروں، آباد بستیوں اور کھیت کھلیانوں کی قربانی دی، جس کے نتیجے میں ملک کی صنعتیں چل رہی ہیں، پنجاب کے میدانوں میں فصلیں لہلہا رہی ہیں اور ملک بھر میں بجلی فراہم کی جا رہی ہے، مگر متاثرینِ تربیلا ڈیم آج بھی بجلی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ شدید گرمی میں بچے، بزرگ، خواتین اور بیمار افراد مشکلات کا شکار ہیں جبکہ کم وولٹیج نے گھریلو اور کاروباری زندگی کو شدید متاثر کر رکھا ہے۔ مقررین کے مطابق دربند کے عوام کسی رعایت کے نہیں بلکہ اپنے جائز اور بنیادی حق کے طلبگار ہیں۔

مقررین نے واضح کیا کہ یہ احتجاج کسی س

یاسی جماعت یا ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ دربند کے عوام کے بنیادی حقوق اور بجلی کے دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ متاثرینِ تربیلا ڈیم کی قربانیوں کا احترام کرتے ہوئے دربند کو اس کا جائز حق دیا جائے، بجلی کی فراہمی بہتر بنائی جائے اور عوام کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔

 

احتجاج میں شریک افراد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پرامن، آئینی اور جمہوری طریقے سے اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔