خیبر پختونخوا میں بارشوں اور فلیش فلڈ سے 12 افراد جاں بحق، 18 زخمی
جاں بحق ہونے والوں میں 5 مرد، 5 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 10 مرد، 4 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔
پشاور: خیبر پختونخوا میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق جبکہ 18 زخمی ہوگئے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 5 مرد، 5 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 10 مرد، 4 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے، جن کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔ بارشوں سے مجموعی طور پر 18 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 15 گھروں کو جزوی جبکہ 3 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔
حکام کے مطابق متاثرہ واقعات پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، لوئر چترال، لوئر و اپر دیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر، کرم اور شمالی وزیرستان سمیت مختلف اضلاع میں رپورٹ ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
ادارے نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور حساس علاقوں میں جانے سے اجتناب کی ہدایت کی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 23 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔