آزاد کشمیر انتخابات پاکستان جیسے شفاف ہوں گے، بلاول بھٹو
تمام معاملات کو شفاف طریقے سے حل کیا جانا چاہیے تاکہ اصل صورتحال عوام کے سامنے آسکے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات بھی اسی طرح شفاف ہوں گے جیسے پاکستان میں ماضی میں انتخابات ہوتے رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کا انعقاد ہونے جا رہا ہے اور ضروری ہے کہ انتخابی عمل پر عوام کا اعتماد برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعات کے حقائق سامنے لانے کے لیے ٹروتھ کمیشن کے قیام کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ پابندیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تمام معاملات کو شفاف طریقے سے حل کیا جانا چاہیے تاکہ اصل صورتحال عوام کے سامنے آسکے۔
مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اس سے اچھا تاثر نہیں گیا، امید ہے مولانا صاحب اپنے بیان پر غور کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری عمل کو مضبوط بنانے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔