اسرائیلی حملے سے بچ نکلنے والے حماس کے نئے سربراہ خلیل الحیہ کون ہیں؟
یحییٰ سنوار کے جانشین مقرر، قطر میں جنگ بندی مذاکرات کی قیادت بھی کرتے رہے
فائل فوٹو
فلسطینی تنظیم حماس نے اعلان کیا ہے کہ خلیل الحیہ کو تنظیم کا نیا سربراہ منتخب کر لیا گیا ہے۔ وہ یحییٰ سنوار کے جانشین ہوں گے،جو اکتوبر 2024 میں غزہ میں اسرائیلی فوج سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے تھے۔
حماس کے بیان کے مطابق اسماعیل ہنیہ، یحییٰ سنوار، محمد ضیف اور دیگر اہم رہنماؤں کی اسرائیلی حملوں میں شہادت کے بعد خلیل الحیہ کا کردار اور اثر و رسوخ نمایاں طور پر بڑھا ہے۔
خلیل الحیہ 1960 میں غزہ پٹی میں پیدا ہوئے اور 1987 میں حماس کے قیام کے وقت سے ہی تنظیم کے رکن ہیں۔ وہ یحییٰ سنوار کے نائب اور حماس کے سینیئر عہدیدار رہے، جبکہ انہیں اس منصب کے لیے ایک مضبوط امیدوار بھی سمجھا جا رہا تھا۔
غزہ سے باہر موجود حماس کی قیادت میں خلیل الحیہ ایک انتہائی سینیئر عہدیدار ہیں۔ قطر میں انہوں نے حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی مذاکرات میں حماس کے وفد کی قیادت بھی کی۔
خلیل الحیہ کو غزہ کی صورتحال، رابطوں اور سیاسی معاملات پر گہری معلومات رکھنے والا رہنما قرار دیا جاتا ہے۔ یحییٰ سنوار کے بعد انہوں نے سیاسی و خارجی امور کی ذمہ داریاں سنبھالیں اور اب تک غزہ کے معاملات کی براہِ راست نگرانی کرتے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں دوحہ میں حماس کے رہنماؤں پر اسرائیلی حملے میں خلیل الحیہ اور ان کے ساتھیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔