گوجرانوالہ میں 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 220 ملی میٹر بارش سے شہر زیر آب
جی ٹی روڈ، سیالکوٹ روڈ، گوندلا والا روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی،
گوجرانوالہ: گوجرانوالہ میں ہونے والی موسلادھار بارش نے گزشتہ ایک دہائی کا ریکارڈ توڑ دیا، جہاں 220 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شدید بارش کے باعث شہر کے متعدد علاقے زیر آب آگئے اور معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق جی ٹی روڈ، سیالکوٹ روڈ، گوندلا والا روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جبکہ نشیبی علاقوں اور تجارتی مراکز میں بھی پانی داخل ہوگیا۔
شدید بارش کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی مقامات پر موٹر سائیکل سوار اور پیدل چلنے والے پانی میں گزرنے پر مجبور رہے، جبکہ متعدد کاروباری مراکز بھی متاثر ہوئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش مون سون کے دوسرے طاقتور سلسلے کے زیر اثر ہوئی، جس کے باعث پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بارش ریکارڈ کی جا رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریسکیو اور متعلقہ ادارے مختلف علاقوں میں امدادی اور نکاسیٔ آب کے کاموں میں مصروف ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ بھی مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔