خیبر پختونخوا میں بارشوں اور فلیش فلڈز سے 14 افراد جاں بحق، 19 زخمی
جاں بحق ہونے والوں میں 6 مرد، 6 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 11 مرد، 4 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔
خیبر پختونخوا میں 19 جولائی سے جاری موسلا دھار بارشوں اور فلیش فلڈز کے باعث مختلف اضلاع میں کم از کم 14 افراد جاں بحق جبکہ 19 زخمی ہو گئے ہیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 6 مرد، 6 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 11 مرد، 4 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ زیادہ تر حادثات گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے اور سیلابی ریلوں میں بہہ جانے کے باعث پیش آئے۔
بارشوں اور فلیش فلڈز سے مجموعی طور پر 28 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 22 گھروں کو جزوی جبکہ 6 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔
حکام کے مطابق پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، لوئر چترال، لوئر اور اپر دیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر، کرم اور شمالی وزیرستان سمیت متعدد اضلاع بارشوں سے متاثر ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرین تک فوری امداد پہنچانے اور امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ادارے کے مطابق صوبے کے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ فی الحال معمول کے مطابق ہے، تاہم 23 جولائی تک وقفے وقفے سے مزید بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سیلابی نالوں اور حساس سیاحتی مقامات سے دور رہیں، اور حکومتی اداروں کی جانب سے جاری کردہ موسمی الرٹس پر عمل کریں۔
اتھارٹی نے یہ بھی بتایا کہ اس کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا معلومات کے لیے شہری فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔